ناندیڑ: ۱۲؍ستمبر (اعتماد نیوز)ناندیڑ ضلع کے ماہور علاقہ میں عمر کھیڑ اور
پوسد سے تعلق رکھنے والے ایک لڑکے اور لڑکی کا بے رحمانہ قتل کردیا گیا ۔
دونوں کی نعشیں آج صبح ماہور کے قلعہ کے جنگلا ت میں برآمد ہوئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پوسد کے انجینئرنگ کالج کی طالبہ نیلوفر ماریہ خلیل بیگ
(۱۹سال ساکن پوسد ) اور طالب علم شاہ رخ خان فیروز خان (۲۳سال ساکن عمر
کھیڑ ) یہ دونوں گزشتہ دوپہر ایک انڈیکاکار میں ماہور گھومنے آئے تھے ۔
بتایا جارہا ہے کہ یہ دونوں طالب علم میں عاشقی کا معاملہ چل رہاتھا ۔
ماہور میں رینوکا دیوی کا مندر ، قلعہ اوردرگاہ کا چلہ مشہور ہے ۔ یہاں پر
روزآنہ بڑی تعداد میں زائرین آتے ہیں ۔ گزشتہ دوپہر نوجوانوں کا یہ جوڑا
ماہور علاقہ میں گھومنے آیاتھا ۔ جب یہ دونوں لڑکا لڑکی اپنے مکان واپس
نہیں لوٹے تو ان کے مکان والوں نے ماہور آکر پولس کو گمشدگی کی اطلاع دی ۔
گزشتہ رات پولس نے شاہ رخ خان اور نیلوفر کی قلعہ اور جنگلات میں تلاش کی
مگر دونوں کا
کوئی سراغ نہیں لگا۔ آج صبح کے وقت ان کی انڈیکاکار ایمردرا
کنڈا کے پاس پائی گئی ۔ پولس اور گھروالوں نے دونوں کی تلاش تیزی سے کی ۔
بارود خانہ کے پاس جنگلات میں دونوں کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں ۔ بتایا جارہا
ہے کہ شاہ رخ خان کا گلا تیز ہتھیاروں سے کاٹ کر اس کا بے رحمی سے قتل کیا
گیا جبکہ لڑکی کے چہرے پر وزنی پتھر ڈال کر اسے قتل کیا گیا جس سے اس کا
چہرہ شناخت کے قابل بھی نہیں رہا ۔ دوہرے قتل کی خبر پھیلتے ہی ماہور کے
لوگ وہاں پر جمع ہوگئے ۔ ڈپٹی ایس پی کامبڑے ، سرکل انسپکٹر جگتاپ اور پولس
کی بھاری جمیعت نے پنچنامہ کرکے نعشوں کو ماہور کے سرکاری دواخانہ روانہ
کیا جہاں پر پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے ۔ماہور پولس اسٹیشن میں نامعلوم قاتلوں
کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ انتہائی بے رحمی سے شاہ رخ خان اور
اس کی محبوبہ نیلوفر کا قتل کیا گیا ہے ۔ جس سے دونوں کے گھروالوں پر ماتم
کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے ۔ قتل کی وجوہات کا ابھی تک علم نہ ہوسکا ہے ۔ ماہور
پولس تحقیقات میں مصروف ہیں ۔